بلال اظہرکیانی کا یومِ استحصالِ کشمیر پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

منگل 5 اگست 2025 20:30

بلال اظہرکیانی کا یومِ استحصالِ کشمیر پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء) وزیر مملکت برائے ریلوے اور خزانہ بلال اظہر کیانی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پامال کیا۔

وزیر مملکت نے زور دے کر کہا کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا اقدام اپنے ناجائز قبضے کو طول دینے اور کشمیریوں کو غلام بنائے رکھنے کی ناکام کوشش تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھارت کے ان اقدامات کو مسترد کر دیا ہے، اور جموں و کشمیر کے تنازعے کی مسلمہ عالمی حیثیت برقرار ہے،اس تنازعے کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینا ہے۔

(جاری ہے)

بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے جراتمندانہ انداز میں کشمیریوں کے حق کی آواز اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھائی ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے بہادر کشمیری عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ"جس طرح کشمیریوں نے بھارتی جبر کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا، اسی طرح ان کی آزادی کی تڑپ سے مقبوضہ کشمیر بھی جلد آزاد ہوگا۔