یوم استحصال کشمیر، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر میں یادداشت

منگل 5 اگست 2025 21:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے دفترمیں ایک یادداشت پیش کی جس میں تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی ادارے کی فوری مداخلت کا مطالبہ کیا گیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے 5اگست 2019کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے چھ برس مکمل ہونے کے موقع پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر برائے بھارت اور پاکستان کو یادداشت پیش کی۔

اس دن مودی حکومت نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کردیاتھا۔یادداشت میں اقوام متحدہ کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں، کشمیریوں کو انکاحق خود ارادیت دینے سے بھارت کے مسلسل انکار اور مودی کی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے مذموم عزائم کی جانب مبذول کرائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

یادداشت میں اقوام متحدہ پر سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے فوری اقدامات پربھی زوردیاگیاہے۔حریت رہنمائوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔