پرائم منسٹریوتھ ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹرائلزکل لاہورمیں ہونگے

منگل 5 اگست 2025 22:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن اور لاہور قلندرز کی جانب سے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت جاری ملک گیر کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں لاہور میں دو روزہ ٹرائلز آج (بدھ) سے شروع ہونگے۔ لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں منعقدہ ٹرائلز میں ہزاروں نوجوان کرکٹرز کی شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کیلئے جنون آج بھی برقرار ہے۔

اب تک ایک لاکھ 22ہزار سے زائد نوجوان کھلاڑی رجسٹریشن کروا کر ملک بھر میں مختلف مقامات پر منعقدہ ٹرائلز میں شرکت کر چکے ہیں۔ صوبہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیرآباد میں منعقدہ ٹرائلز میں 48ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

بلوچستان سے 14ہزار، جنوبی پنجاب کے ٹرائلز میں 26ہزار، فیصل آباد میں 20ہزار، سرگودھا میں 12ہزار سے زائد نوجوان ٹرائلز میں شریک ہوئے۔

ایچ ای سی کے ڈائریکٹر سپورٹس جاوید میمن کا کہنا ہے کہ یہ شاندار شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ اقدام نوجوانوں کو مثبت، صحت مند اور مسابقتی سرگرمیوں کی طرف راغب کر رہا ہے۔ ایچ ای سی، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں میدان میں موجود ہیں، جہاں شفاف سلیکشن کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا مکمل موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ لاہور کے بعد ٹرائلز سیالکوٹ اور راولپنڈی میں منعقد کیے جائیں گے۔