گورنر اسٹیٹ بینک کا ایس ای سی پی کا دورہ، 33ویں مشترکہ اجلاس میں شرکت

منگل 5 اگست 2025 22:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء) ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)کا 33واں رابطہ کمیٹی اجلاس ایس ای سی پی کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ ایس بی پی اورایس ای سی پی رابطہ کمیٹی پاکستان کے دو اہم مالیاتی اداروں کے درمیان حکمتِ عملی پر مبنی بات چیت اور ریگولیٹری ہم آہنگی کے لیے ایک اعلی سطح کا فورم ہے۔

اس کا مقصد تعاون کو مضبوط بنانا، پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا، اور مالیاتی نظام کی ترقی و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا ہے۔گورنر جناب جمیل احمد نے حکومت کے لیے کیپٹل مارکیٹ کو ایک متبادل اور پائیدار مالیاتی ذریعہ بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار سے بینک نجی شعبے کی مالی معاونت پر زیادہ توجہ دے سکیں گے، جو معاشی ترقی کے لیے مددگار ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایس ای سی پی کی کاوشوں کو سراہا اور اصلاحات میں مشترکہ تعاون کے لیے اسٹیٹ بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ایس ای سی پی کے چیئرپرسن عاکف سعید نے کہا کہ پاکستان کی سرمایہ مارکیٹ کو مضبوط بنانے میں بینکوں کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر بینک سرمایہ مارکیٹ کے اداروں سے قریبی رابطہ اور تعاون کریں تو وہ دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا کر مارکیٹ اور معیشت کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔

اجلاس میں اہم باتوں میں کیپٹل مارکیٹ میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا شامل کرنا، ریگولیٹری مقصد کے لیے کریڈٹ معلومات تک آسان رسائی، اور پرانے کریڈٹ ڈیٹا کے مسائل کا حل شامل تھا۔ کمیٹی نے نئی مالیاتی مصنوعات، مشترکہ ڈیجیٹل نظام، اور نئے شعبوں میں ریگولیٹری ہم آہنگی پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔دونوں اداروں نے ایک مضبوط، جامع اور ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی نظام کی تعمیر کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا کیا۔