پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ،ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے، پارلیمانی سیکرٹری برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان

منگل 5 اگست 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان ورکن قومی اسمبلی انوارالحق چوہدری نے کہا ہے کہ 5 اگست کا سیاہ دن عالمی ضمیر کے لئے ایک سوالیہ نشان ہے ، بھارت نے یکطرفہ طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کر کے کشمیری عوام کے بنیادی انسانی و سیاسی حقوق پر حملہ کیا ہے، پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

منگل کو انہوں نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر وزارتِ امورِ کشمیر و گلگت بلتستان کی مرکزی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے بعد ڈی چوک تک وزارتِ امورِ کشمیر کی جانب سے نکالی گئی یکجہتی ریلی میں انوارالحق چوہدری نے بھرپور شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 5 اگست کا سیاہ دن عالمی ضمیر کے لئے ایک سوالیہ نشان ہے ، بھارت نے یکطرفہ طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کر کے کشمیری عوام کے بنیادی انسانی و سیاسی حقوق پر حملہ کیا ہے۔

پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے انوارالحق چوہدری کو یومِ استحصال کی ریلی اور پروگرام کو کامیاب بنانے پر خصوصی مبارکباد دی۔