ضلع کوہستان اپر میں محکمہ صحت کے فنڈز میں غبن اور بے قاعدگی پر اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کی کارروائی، ایف آئی آر درج

منگل 5 اگست 2025 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ضلع کوہستان اپر میں سرکاری فنڈز میں بے قاعدگیوں اور غبن پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ صحت کے سینئر افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کردی۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو محکمہ صحت کوہستان اپر میں فنڈز کے غلط استعمال اور مالی بے ضابطگیوں سے متعلق موصول شکایت پر انکوائری اور آڈٹ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انکوائری میں الزامات درست ثابت ہوئے۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے مبینہ طور پرسابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر کوہستان ڈاکٹر خورشید اور اکاؤنٹنٹ آفیسر اختر محمد کے خلاف ایف آئی آر درج کردی ہے۔ ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 409، 420، 419، 468، 471، 477-A، 34 اور انسداد بدعنوانی ایکٹ 5(2) شامل کی گئی ہیں۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اختر محمد کو گرفتار کر لیا ہے۔