بھارتی ظلم و ستم، پابندیوں اور سازشوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند اور ارادے غیر متزلزل ہیں،ڈی ایس ریلوے

منگل 5 اگست 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں 5اگست 2019کو تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس روز بھارتی حکومت نے آئینِ ہند کے آرٹیکل 370 اور 35-A کو منسوخ کرکے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کیا، جو بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انعام اللہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کے اس غیر آئینی اور ظالمانہ اقدام کو نہ صرف کشمیری عوام نے مکمل طور پر مسترد کیا بلکہ پاکستان اور دنیا کی باشعور اقوام نے بھی اس اقدام کی مخالفت کی۔ کشمیری عوام نے ہر فورم پر اپنے حقِ خودارادیت کیلئے آواز بلند کی اور قربانیوں کی ایک طویل داستان رقم کی۔

(جاری ہے)

پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ان کا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر جرات، حوصلے اور مستقل مزاجی سے پیش کیا۔

ڈی ایس ریلوے نے کہا کہ آج کشمیری، خواہ وہ مقبوضہ وادی میں ہوں یا آزاد کشمیر میں پاکستان سے اپنی نظریاتی اور جذباتی وابستگی پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی محبت میں سرشار ہیں اور ہر موقع پر اپنی وفاداری کا کھلے دل سے اظہار کرتے ہیں۔ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی قوم کی کامیابیوں پر کشمیری عوام نے بھی فخر کا اظہار کیا اور اپنی قربانیوں کو پاکستان کی کامیابی سے جوڑا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم، پابندیوں اور سازشوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند اور ارادے غیر متزلزل ہیں۔ حریت پسند رہنما یاسین ملک جیسے عظیم سپوت آج بھی بھارتی جیلوں میں قید ہیں لیکن ان کی جدوجہد اور قربانیوں نے کشمیری عوام کے جذب حریت کو مزید تقویت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کچلنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔

انہوں نے پرعزم انداز میں کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے عوام کو ان کا جائز اور دیرینہ حق ملے گا۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اورآزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ "کشمیر بنے گا پاکستان" صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ہمارا ایمان ہے اور ہم پرامید ہیں کہ آنے والی نسلیں اس نعرے کو حقیقت بنتے دیکھیں گی۔