بھارتی جبر، ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی قابلِ فخر ہے، صوبائی وزیر سید ریاض حسین

منگل 5 اگست 2025 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) صوبائی وزیر برائے اوقاف، مذہبی امور، زکوٰة و عشر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہاہے کہ بھارتی جبر، ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی قابلِ فخر ہے۔ منگل کویومِ استحصال کشمیر پر جاری اپنے پیغام میں انہوں کہا کہ 5اگست 2019کو بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کے خاتمے اور ظالمانہ اقدامات نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق، آزادی اور حقِ خودارادیت کو سلب کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑے ہیں،بھارت نہ صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا مرتکب بھی ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور برصغیر میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی مشروط ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف ہمیشہ سے واضح رہا ہے کہ کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت ملنا چاہئے، ہم ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی مظالم پر مزید خاموش نہ رہے۔