Live Updates

مجھے 14 اگست کو بھی احتجاج ہوتا نظر نہیں آ رہا، شیرافضل مروت

غلط فیصلے تحریک انصاف کو ڈبو گئے، عمران خان مقبول ترین لیڈر ہونے اور الیکشن جیتنے کے باوجود جیل میں پڑا ہے، یہ ہماری ناکامی اور بدنیتی ہے؛ رکن قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 اگست 2025 13:15

مجھے 14 اگست کو بھی احتجاج ہوتا نظر نہیں آ رہا، شیرافضل مروت
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست 2025ء ) رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ مجھے 14 اگست کو بھی احتجاج ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پیغام دینے سے تحریکیں کامیاب نہیں ہوں گی، جب تک عمران خان کے پیغام پر عملی طور پر لوگوں میں جوش و جذبہ نہیں پیدا کرتے کہ ان کا نکلنا ملک کیلئے ضرورری ہے، جب تک لوگ ذہنی طور پر رضامند نہیں ہوں گے تب تک لوگ اتفاق تو کرسکتے ہیں کے احتجاج ہونے چاہیئے لیکن لوگ نکلیں گے نہیں، اس لیے 14 اگست کو مجھے کوئی احتجاج ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا، عمران خان مقبول ترین لیڈر ہونے کے باوجود جیل میں ہیں اور اس ناکامی کی وجہ بدنیتی پر مبنی غلط فیصلے ہیں۔

اس کے برعکس پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان نے 5 اگست کے احتجاج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بہنوں کی عمران خان سے ملاقات کے بعد علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ 5 اگست احتجاج سے عمران خان مطمئن ہیں اور انہوں نے قوم کو کل نکلنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے کیوں کہ کل لوگ اس ظلم کے خلاف اور حقیقی آزادی کے لیے نکلے ہیں، اللہ کرے لوگ جس مقصد کے لیے کل نکلے ہیں وہ مقصد حاصل ہو جائے، عمران خان نے کہا قیادت بہادری دکھائے اور قوم کی وہ قیادت کرے جو قوم مانگتی ہے، پارٹی لیڈرز قوم کو 14 اگست کے لیے موبلائز کریں اور 14 کو احتجاج کریں، 14 اگست کا احتجاج ہوگا جس کے بعد عمران خان اگلی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آج قاسم اور سلیمان کے بارے میں پوچھتے رہے ہیں، عمران خان کو بتایا کہ حکومت ویزہ نہیں دے رہی تو شاید جب انٹرنیشنل میڈیا پر بچے آواز اٹھائیں گے تو حکومت ویزہ دیدے گی، عمران خان نے کہا ہے مشرف اور ضیاء کے مارشل لاء میں اتنا ظلم نہیں ہوا تھا جتنا عاصم لاء کے تحت آج پاکستان میں ہو رہا ہے، اس ظلم کو تشبیہ یحییٰ خان کے دور سے تھوڑی بہت دی جاسکتی ہے، جیل کے قیدیوں نے ہمیں بتایا ہے جتنا ظلم عمران خان کے ساتھ یہ کر رہے ہیں وہ ہم عام قیدیوں پر نہیں ہوتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات