اسلام آباد ہائی کورٹ سے سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت منظور،جواب طلب کرلیا

جمعرات 7 اگست 2025 15:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت منظورکرتے ہوئے وفاق اوروفاقی پولیس کونوٹس جاری کرتے ہوئے پیر تک جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی اس موقع پر سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ مقدمات کی تفصیلات کیلئے پہلے بھی درخواست دی جس کی رپورٹ میں اسلام آباد کے 10 مقدمات تھے ،میں نے متعلقہ عدالتوں سے رجوع کیا، اب مزید کچھ مقدمات سامنے آگئے ہیں،24 نومبر کا مقدمہ تھانہ کراچی کمپنی کا بھی سامنے آیا، جس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے،مزید ایف آئی آرز بھی ہیں، اب تک کتنی ایف آئی آرز ہوچکی ہیں مجھے علم نہیں،تفصیلات آنے تک حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرسکوں ۔

عدالت نےپیر تک سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت منظورکرلی ۔عدالت نے وفاقی حکومت اور وفاقی پولیس کو جواب کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔