بھارت نے کشمیر کی سچائی کو دبانے کیلئے 25 کتابوں پر پابندی لگا دی ، میر واعظ ، دیگر کا سخت ردعمل، پابندیاں مزید سخت

جمعرات 7 اگست 2025 18:02

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے بار ے میں حقائق چھپانے اور اپنے جھوٹے بیانیے کو مضبوط کرنے کے لیے علاقے میں 25 کتابوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں "بھارت کی سالمیت" کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممنوعہ قرار دی جانے والی کتابوں میں میں کشمیری، بھارتی اور بین الاقوامی مصنفین حفصہ کنجوال، محمد یوسف صراف، وکٹوریہ شوفیلڈ، اطہر ضیا، اے جی نورانی، اروندھتی رائے، انورادھا بھسین، سمنترا بوس، کرسٹوفر سنیڈن اور مولانا ابو اعلیٰ مودودی کی تصانیف شامل ہیں۔

ان کتب میں تاریخی حقائق اور کشمیریوں کا دکھ درد بیان کیا گیاہے لیکن بھارت مسلسل ہٹ دھرمی کا راستہ اپنائے ہوئے ہے اور وہ حقیقت پسندی سے کام لینے کے بجائے علمی ، تحقیقی اور تاریخی مواد پر پابندی لگارہا ہے۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس، سول سوسائٹی کے اراکین، حقوق کے گروپوں اور ماہرین تعلیم نے اس پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیر کی تاریخ کو مٹانے اور مستند آوازوں کو خاموش کرنے کی منظم بھارتی کوششوں کا حصہ قرار دیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پابندی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نامور مصنفین اسکالروں اور مورخین کی تصانیف پر پابندی عائد کرنے سے تاریخی حقائق کو نہیں مٹایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی آمرانہ کارروئیاں سچائی اور مزاحمتی ادب کے تئیں بھارت کی بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی عکاسی کرتی ہیں۔

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیامارکسسٹ کے رکن بھارتی پارلیمنٹ وی سیواداسن نے پابندی کو جمہوری اور سیکولر اقدار پر تکلیف دہ حملہ قرار دیا ۔ دریں اثنا انتظامیہ نے بھارت کے یوم آزادی سے قبل مقبوضہ جموں و کشمیر میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔ بھارتی فورسز نے شہری علاقوں میں گشت اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ بھارتی فورسز نے ضلع کولگام کے علاقے آکھرن دیوسر کے جنگلاتی علاقے میں تلاشی آپریشن آج مسلسل ساتویں روز بھی جاری رکھا۔

آپریشن میں ڈرون کیمروں،ہیلی کاپٹروں اور ایلیٹ کمانڈوز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ بھارتی پولیس نے دلی میں دو کشمیری تاجروں محمد ایوب بٹ اور محمد رفیق شاہ کو کالے قانون”یو اے پی اے“ کے تحت گرفتار کرلیا۔ ضلع ادھمپور میں سڑک کے ایک حادثے میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پویس فورس(سی آر پی ایف) کے 3اہلکار ہلاک جبکہ کم از کم 15زخمی ہو گئے ۔