چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر سے روسی سفارتخانے کے حکام کی پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات

جمعرات 7 اگست 2025 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر و سینئر ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول طارق بن وحید سے روسی سفارتخانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نتالیہ شمیلیوا اور پریس اتاشی جناب ایگور کولیسنیکوف نے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے آغاز میں مصباح کھر اور طارق بن وحید نے روسی سفارتی حکام کو انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے بارے میں آگاہ کیاجو اقوام کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایک نیا اور اہم عالمی پلیٹ فارم ہے۔

انہیں بتایا گیا کہ اس وقت آئی ایس سی میں مختلف ممالک کی 45پارلیمانوں کے سپیکرز بطور رکن شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ملائیشیا میں ہونیوالے انتخابات میں پاکستان کے معزز چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو متفقہ طور پر اس نو تشکیل شدہ تنظیم کا پہلا صدر منتخب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مشیر مصباح کھر اور سینئر ڈائریکٹر جنرل نے روسی حکام کو آئندہ آئی ایس سی اجلاسوں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی جو 11تا 12نومبر 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہونگے۔

اس موقع پر مصباح کھر نے روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی سپیکرہ ویلنٹینا ایوانوونا میتیوینکو کو کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔مزید برآں مصباح کھر اور طارق بن وحید نے کانفرنس کے مقاصد، ایجنڈے اور تیاری کے دائرہ کار سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ آئی ایس سی کا مقصد عالمی اہمیت کے حامل امور پر پارلیمانی رہنمائوں کے مابین بامعنی مکالمے کو فروغ دینا ہے، جن میں امن، کثیرجہتی تعاون، اور پائیدار ترقی شامل ہیں۔

روسی وفد کو کانفرنس کے موضوعات، مجوزہ سیشنز اور مختلف خطوں سے متوقع پارلیمانی وفود کی شرکت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ملاقات کا اختتام دونوں جانب سے پاکستان اور روس کے درمیان پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانے اور عوامی و پارلیمانی سطح پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کے اعادے کے ساتھ ہوا۔