وفاقی وزیر رانا قاسم نون سے ڈاکٹر ماریہ سلطان کی ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمعہ 8 اگست 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون سے سائوتھ ایشین سٹریٹجک سٹیبلٹی انسٹیٹیوٹ یونیورسٹی (ایس اے ایس ایس آئی یونیورسٹی) کی چیئرپرسن/صدر ڈاکٹر ماریہ سلطان نے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں رکن قومی اسمبلی فتح اللہ خان، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع سینیٹر طاہر خلیل سندھو اور پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل بھی شریک تھے۔

ملاقات میں بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر (آئی آئی او جے کے) میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا گیا ، اس مسئلے پر عالمی توجہ کو برقرار رکھنے کی حکمت عملیوں پر غور کیا اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کو مزید موثر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ماریہ سلطان نے مسئلہ کشمیر پر اپنے سٹریٹجک خیالات پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لیے مربوط پالیسی اقدامات ضروری ہیں۔

پارلیمانی قیادت نے کشمیری عوام کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے عزم کو دہرایا جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے۔ملاقات کا اختتام اس اتفاق رائے پر ہوا کہ پارلیمانی فورمز، تعلیمی اداروں اور پالیسی تھنک ٹینکس کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر مزید موثر انداز میں پیش کیا جائے گا۔