پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے آئی ٹی سسٹم پر سائبر حملے کا انکشاف

بروقت اور موثر اقدامات کے بعدغیر اہم آئی ٹی سروسز احتیاطاً عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں،پی پی ایل کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو مراسلہ

جمعہ 8 اگست 2025 22:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ(پی پی ایل)کے آئی ٹی انفرا اسٹرکچر کے کچھ سسٹمز پر سائبر حملے کا انکشاف ہوا ہے، پی پی ایل نے اس حوالے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)کو مراسلہ لکھ کر آگاہ کر دیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے مراسلے میں بتایا کہ 6 اگست کو پی پی ایل کے آئی ٹی انفرا اسٹرکچر پر سائبر اٹیک ہوا، فوری طور پر سائبر سیکیورٹی پروٹوکول فعال کیا گیا، تاہم ادارے کے آئی ٹی انفرااسٹرکچر کے کچھ حصے رینسم ویئر کا نشانہ بنے ہیں۔

مراسلے میں مزید بتایا گیا کہ آئی ٹی اور سائبر سیکیورٹی ٹیموں نے بروقت اور موثر اقدامات کیے اور غیر اہم آئی ٹی سروسز احتیاطا عارضی طور پر معطل کر دی گئیں ہیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے مراسلے میں بتایا گیا کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی حساس یا اہم کاروباری ڈیٹا کے متاثر ہونیکے شواہد نہیں ملے۔