تھرکول منصوبے سے پاکستان توانائی میں خود کفیل ہوگا، سب سے سستی بجلی نیشنل گرڈ میں فراہم کر رہے ہیں،وزیرتوانائی سندھ

کول گیسفکیشن کے تحت کھاد کا ایک بڑا صنعتی پلانٹ لگایا جا رہا ہے، جبکہ مزید پاور پلانٹس کی تعمیر اور ریل نیٹ ورک کی توسیع پر بھی تیز رفتار کام جاری ہے،ناصر شاہ

ہفتہ 9 اگست 2025 21:00

تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے تھرکول کے مختلف منصوبوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھرکول پاکستان کی ترقی کا ایک انقلابی منصوبہ ہے، جو نہ صرف ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کر رہا ہے بلکہ خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کی بنیاد بھی رکھ رہا ہے۔ اس وقت نیشنل گرڈ میں سب سے سستی بجلی تھر سے فراہم کی جا رہی ہے، جس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر کول پاور شہید وزیر اعظم بینظیر بھٹو کا خواب تھا جس کو صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو نے حقیقت میں بدل کر رکھ دیاانہوں نے کہا کہ مائننگ کے رقبے میں توسیع اور دیگر منصوبوں کے آغاز سے بجلی کے ٹیرف میں مزید کمی متوقع ہے، جبکہ دنیا کے بڑے سرمایہ کار پاکستان اور خاص طور پر تھر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حالیہ مہینوں میں متعدد بین الاقوامی وفود، غیر ملکی سربراہان اور کارپوریشنز نے تھر کے منصوبوں میں شراکت کے لیے معاہدے (ایم او یوز)کیے ہیں۔سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ کول گیسفکیشن کے تحت کھاد کا ایک بڑا صنعتی پلانٹ لگایا جا رہا ہے، جبکہ مزید پاور پلانٹس کی تعمیر اور ریل نیٹ ورک کی توسیع پر بھی تیز رفتار کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کا کوئلہ نہ صرف بجلی گھروں بلکہ سیمنٹ، کھاد اور دیگر صنعتوں کو بھی فراہم کیا جائے گا، جس سے خطے کی صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ مقامی آبادی کی فلاح اور روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ تھر فانڈیشن کے تحت اسکول، اسپتال، ٹریننگ سینٹرز اور گھروں میں سولرائزیشن کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر تھر کے عوام کو 100 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے عام گھریلو صارفین کے بلوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ترقیاتی فنڈز براہِ راست مقامی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے، خاص طور پر ان خاندانوں پر جنہیں مائننگ ایریا سے ری سیٹل کیا گیا ہے۔ مستقبل میں اس سہولت کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تاکہ پورے تھر کے عوام ترقی کے ثمرات حاصل کر سکیں۔ناصر شاہ نے خواتین ڈمپر ڈرایور سے بھی ملاقات کی اور کہاکہ خواتین ڈمپر ڈرایور کی خدمات قابل تحسین ہیںناصر حسین شاہ نے میڈیا سے اپیل کی کہ منفی پروپیگنڈے کے بجائے تھر کی کامیاب اور مثبت کہانیاں اجاگر کی جائیں۔

"یہ منصوبہ پاکستان کو توانائی میں خود کفیل بنانے، بجلی کے نرخ کم کرنے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی جانب ایک تاریخی قدم ہے،ناصر شاہ نے کہا کہ تھر سے ریلوے کا منصوبہ بھی تیز رفتاری سے تکمیل کی جانب گامزن ہے تاکہ تھر کے کولے کے زخار کو پورے ملک کے پاور پلانٹ تک وسیع کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ تھر میں سماجی واقتصادی تبدیلی ان منصوبوں کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں تھی اس موقعہ پر ناصر شاہ نے تھر فانڈیشن اہسپتال کے دوسرے فیز کا افتتاح کیا جس میں 50 بستروں پر مشتمل ماں اور بچہ یونٹ زیر تعمیر ہے اس موقعہ پر تھر فانڈیشن کے اعلی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اہسپتال مفت مشاورت،ادویات،لیبارٹری خدمات اور تشخیصی اسکین جیسے الٹراساونڈ اور ڈیجیٹل ایکسرے پیش کرتا ہے اپنے قیام سے آج تک تھر فاونڈیشن آپریشنل سہولیات کے ذریعے 370,000 سے ذاد مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرچکا ہے ناصر شاہ اور اراکین اسمبلی کو تھر فانڈیشن اسکول کا بھی دورہ کرایا گیا صوبا وزیر نے حال ہی میں فیڈرل بورڈ میٹرک کے امتحان پاس کرنے والے طلبا اور طالبات میں تعرفی اسناد تقسیم کی