سپارکو اور ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک کا شراکت داری کا معاہدہ

ہفتہ 9 اگست 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) اور ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد پاکستان کے قرضہ جاتی نظام میں سیٹلائٹ بیسڈ زرعی تجزیات کو شامل کرنا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ سپارکو اور کسی بینک کے درمیان اس نوعیت کا اشتراک عمل میں آیا ہے۔

یہ اقدام خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال کو موسمیاتی لحاظ سے مؤثر زراعت اور کسانوں کے لیے مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس معاہدے کے تحت سپارکو، ہائی ریزولوشن سیٹلائٹ امیجری، فصلوں کی صحت کے تجزیے، پیداوار کے تخمینے، خطرے کی جانچ، اور قرض کی اہلیت کے اسکور فراہم کرے گا تاکہ بینک بہتر اور ڈیٹا پر مبنی فیصلے کر سکے۔

(جاری ہے)

پائلٹ منصوبے کا آغاز پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں ہوگا، جو پاکستان کے اہم زرعی علاقوں میں سے ایک ہے۔سپارکو کا محفوظ اے پی آئی اور ڈیش بورڈ ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک کے نظام سے براہ راست منسلک کیا جائے گا، جس سے فیلڈ میں جا کر دستی تصدیق کی ضرورت ختم ہو جائے گی اور قرض سے پہلے کی جانچ آن لائن اور خودکار طریقے سے ہو سکے گی۔اس موقع پر سپارکو کے رکن اسپیس ایپلیکیشنز اینڈ ریسرچ ظفر اقبال نے کہا کہ سپارکو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے اطلاق میں پیش پیش ہے۔

ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک کے ساتھ یہ شراکت داری ایک سنگ میل ہے کیونکہ ہم پہلی بار اپنے ایگریکلچرل جی آئی ایس کو مالیاتی شعبے میں متعارف کروا رہے ہیں۔ ہماری تجزیاتی صلاحیتوں اور بینک کی رسائی کو ملا کر ہم قرضہ فراہم کرنے کے عمل کو بہتر بنانے، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے، اور دیہی برادریوں کو مستحکم بنانے کا ہدف رکھتے ہیں۔پائلٹ مرحلے کے بعد اس منصوبے کو توسیع دی جائے گی جس میں فصل کی سیٹلائٹ نگرانی بھی شامل ہوگی تاکہ بروقت فصل کی خرابیوں کا پتہ لگایا جا سکے اور قرض کی شفافیت اور خطرات سے بچاؤ کو ممکن بنایا جا سکے۔

یہ اشتراک سپارکو اور ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک کو پاکستان کے زرعی مالیاتی شعبے میں خلائی ٹیکنالوجی پر مبنی حل متعارف کروانے والے بانی اداروں میں شامل کر دیتا ہے۔