فیلڈ مارشل نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر دیا ہے،چوہدری جاوید اقبال

عسکری قیادت بنیادی اقتصادی اصلاحات میں پیش پیش،تاجر پر امید ،ٹیکس قوانین میں تبدیلی کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں،وائس چیئرمین یوبی جی نارتھ زون

اتوار 10 اگست 2025 14:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)یونائیٹڈ بزنس گروپ نارتھ زون کے وائس چیئرمین چوہدری جاوید اقبال نے حالیہ ٹیکس اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر دیا ہے۔ ان کی اصلاحات سے عوام اور تاجر پر امید ہو گئے ہیں ۔ پیداواری لاگت میں کمی کے لیے مزید اصلاحات کی جائیں۔

چوہدری جاوید اقبال نے کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹیکس قوانین میں ان دفعات کے خاتمے کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں جن کے تحت ماتحت ٹیکس افسران کو تاجروں کی بلا جواز گرفتار ی کا اختیار دیا گیا تھا۔ یہ تبدیلی کاروباری طبقے اور ریگولیٹری اداروں کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے ناگزیر تھی۔عاصم منیرجتنی توجہ قومی سلامتی کو دے رہے ہیں اتنی ہی توجہ معاشی ترقی پر مرکوز کر رہے ہیں جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کی طرف سے ملکی خودمختاری کے دفاع کے ساتھ اقتصادی اصلاحات کے عزم نے کاروباری اعتماد کو بحال کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شرح سود اب بھی ضرورت سے زیادہ ہے جبکہ بجلی بہت مہنگی ہے جو کاروباری مسابقت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔بھارت کی برامدات پر پچاس فیصد ٹیرف پاکستان کی برامدات بڑھانے کا سنہری موقع ہے مگر شرح سود اور مہنگی توانائی اسکے راستے کی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے ایس این جی پی ایل کی جانب سے منفی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری ٹیکس ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے ایف بی آر کو دھمکیوں سے گریز کرنا چائیے۔انہوں نے ایس ایم تنویر کی کاروباری برادری کے مسائل اجاگر کرنے اور حکام کے ساتھ مثر رابطے قائم کرنے کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔