فیلڈ مارشل کی عسکری و سفارتی مہارت نے ملک کو کامیابیوں سے ہمکنار کرایا ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اتوار 10 اگست 2025 14:30

سیالکوٹ ،10 اگست (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات اور سینئر رہنما استحکام پاکستان پارٹی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی عسکری و سفارتی مہارت نے پاکستان کو نئی منازل سے ہمکنار ، کامیابیوں سے روشناس کرایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک عاشق حسین ہیلتھ کئیر اینڈ ڈائیلسز سنٹر کے افتتاح کے موقع پرکیا۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ کے عوام کو جدید سہولیات سے آراستہ ڈائیلسز سنٹر کھولنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ایک خواب کی تعبیر ملی ہے ،خدمت کا یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔ انہوں نےکہا حلقے کے لوگوں کی صحت و ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانا ہی میرا واحد نصب العین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا آپریشن سیندور مودی سرکار کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے جسے وہ نہ نگل پا رہا ہے نہ ہی اگل سکتا ہے۔

انہوں نے کہاامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار مودی کے پاک بھارت معرکہ حق کی جیت کے کھوکھلے دعوے کو مسترد کر چکے ہیں جو مودی سرکار کی سبکی میں اضافے کا باعث ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کی ہمیشہ امن کوششوں کو اور جنگی مہارت کو ہر جگہ سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا آج بھارت سرکار مشکلوں سے دو چار جبکہ کہ پاکستان ہر جگہ باوقار نظر آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 78 ویں یوم آزادی کو معرکہ حق میں فتح مبین سے منسوب کرنا باکل حق بجانب ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد پاکستانی قوم یہ یوم آزادی ایک فاتح کی حیثیت سے منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کے ساتھ ساتھ استحکام پاکستان پارٹی بھی وطن سے اظہار محبت میں پیش پیش ہے۔ اپنے قائد عبد العلیم خان کو پاکستانی معیشت میں استحکام کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے نجکاری، سرمایہ کاری اور اب مواصلات کے قلمدان سنبھال کر ملکی معیشت کو بہتری کی ڈگر پر گامزن کیا جبکہ یہ قلمدان ان کے لئے امتحان تھے جن میں وہ سرخرو ہوئے۔ بطور کارکن میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ایسی پارٹی کی دست و بازو ہوں جس کا نام ہی وطن سے محبت کی دلیل ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اس بار قوم آزادی اور کامیابی کو اکٹھے منا رہی ہے۔ ترانے اور ملی نغمے ہی بہادر مسلح افواج کے لئے حقیقی تمغے ہیں۔ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ "عسکری سفارت کاری ہی سب پہ بھاری" ہے۔