تعمیروترقی کے بے بنیاد دعوے ، حلقہ لچھراٹ میںہزاروں نفوس پر مشتمل گائوں بٹ ناڑہ تعلیم ،صحت ،بجلی کی سہولیات سے محروم

طلبہ وطالبات کا مستقبل تاریک ہوگیا، بنیادی ضروریات زندگی کی عدم فراہمی کے حلقہ عوام علاقہ بٹ ناڑہ کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا

اتوار 10 اگست 2025 15:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)تعمیروترقی کے بے بنیاد دعوے ، حلقہ لچھراٹ میںہزاروں نفوس پر مشتمل گائوں بٹ ناڑہ تعلیم ،صحت ،بجلی کی سہولیات سے محروم، تعلیمی سہولیات نہ ہونے کے باعث طلبہ وطالبات کا مستقبل تاریک ہوگیا، بنیادی ضروریات زندگی کی عدم فراہمی کے حلقہ عوام علاقہ بٹ ناڑہ کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا ، 25اگست کو نوسدہ نوسیری سے شاہراہ نیلم بند کرنے کا اعلان کردیا ، تفصیلات کے مطابق ضلع مظفرآباد حلقہ لچھڑاٹ کے گائوں بٹ ناڑہ کے مکین آج بھی پتھر کے زمانے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، تعلیم ،صحت ، بجلی ، موبائل سروس ،واٹرسپلائی سے محروم لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ، سالوں سے عمائدین علاقہ بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے دفاتر کے چکر لگاتے رہے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہوسکی ہے ، علاقہ میں گرلز پرائمری سکول اوربوائز مڈل سکول ہیں لیکن عمارات نہیں ہیں ، ان دونوں تعلیمی اداروں میں بچوں اوربچیوں نے ٹیچرز کا چہرہ تک نہیں دیکھا ، بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ ہماری بچیاں پڑھ لکھ کر آگے بڑھنا چاہتی ہیں، لیکن یہاں نہ سکول ہے، نہ استاد، ہم اپنے بچے بچیوں کو کہاںبھیجیں سکولوں میںٹیچرز حاضر ہی نہیں ہورہے ، مکمل ٹھیکہ سسٹم ہے اورٹھیکہ پر لگائے گئے ٹیچرز بھی سکولوں میں حاضر نہیں ہورہے ، عمائدین علاقہ کا کہنا ہے کہ نیلم وجہلم پراجیکٹ سے محض تین سے چار کلو میٹر گائوں بٹ ناڑہ میں بجلی فراہم نہیں کی گئی ہے ، ہزاروں افراد پر مشتمل علاقہ ہے ، سینکڑوں خاندان ہیں لیکن بجلی تک دستیاب نہیں ہے ، اس پراجیکٹ کی تعمیر سے ہمارے علاقہ میںپانی کے چشمے تک خشک ہوگئے ہیں ہم پینے کے پانی سے بھی محروم ہوگئے ہیں لیکن یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ پاکستان وآزادکشمیر کو روشن کرنے والے اس پراجیکٹ سے متصل دو کلومیٹر علاقہ میں بجلی کی سہولت میسر نہیں ہے ،علاقہ میں صحت کی سہولت نہیں ہے معمولی علاج اور بنیادی طبی امداد کے لیے بھی لوگوں کو میلوں سفر کرنا پڑتا ہے لوگ ہزاروں روپے خرچ کرکے مظفرآبا د اورپٹہکہ علاج کیلئے جاتے ہیں ، فرسٹ ایڈ پوسٹ پر مہینہ میں ایک دو دن ایک اہلکار آتاہے ،ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، ہم نے متعدد بار درخواستیں لیکر سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان ، سابق وزیراعظم تنویرالیاس خان، وزیرحکومت بازل علی نقوی تک پہنچائی ہیں لیکن کسی نے توجہ نہیں دی ہے ،اب ہم مزید پتھر کے زمانہ کی زندگی نہیں گزار سکتے ، ریاست ماں جیسا کردار ادا کرتی ہے پھر کیا وجہ ہے کہ ہمیں بجلی ، تعلیم ، صحت ،پانی کی سہولت سے محروم رکھا جارہا ہے ،بٹ ناڑہ کے مکینوں محمد قدیر ، الیاس کھوکھر ، محمد مشتاق ، محمد التجاء ، عذیفہ الیاس ، اعجاز احمد ، ثاقب رفیق ، محمد مختیار ، شہباز خانی زمان ، بلال اعوان، جنید اعوان ، محمد صدیق چیئرمین کمیٹی نے حکومت آزاد کشمیر اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں کو فوری طور پر بجلی کی سہولت فراہم کی جائے، سکولوں کی عمارتیں تعمیر کی جائیں،سکولوں میں اساتذہ کو حاضر کیا جائے اور بنیادی صحت مراکز قائم کیے جائیں تاکہ یہاں کے عوام بھی دیگر علاقوں کی طرح سہولتوں سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ہمارے بنیادی مطالبات حل نہ کئے گئے تو انشاء اللہ 25اگست کو نوسیری نوسدہ کے مقام پر بچوں اورخواتین کے ہمراہ شاہراہ نیلم بندکرکے دھرنا دیں گے ۔