فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ کی وزیر ریلوے حنیف عباسی کو فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کی بہتری اور آمدن میں اضافہ کیلئے تجاویز

اتوار 10 اگست 2025 18:00

} فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2025ء)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کو فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کی بہتری اور آمدن میں اضافہ کیلئے تجاویز پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہا کہ سرکاری محصولات کی ادائیگی میں یہ شہر گرانقدر حصہ ڈال رہا ہے مگر فیصل آباد میں تیار ہونے والی برآمدی مصنوعات کی کلیئرنس کراچی سے ہونے کی وجہ سے ہمارے حصے کو پورٹ سٹی کے کھاتے میں ڈال دیا جاتا ہے۔

اسی طرح لاہو رسے قربت کی وجہ سے صوبائی حکومت کی بھی زیادہ تر توجہ صوبائی دارالخلافہ پر ہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میںمال ٹرینوں سے منافع کما کے مسافر ٹرینوں سے تعاون کیاجاتا ہے لہٰذا پاکستان میں بھی مال بردار ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کر کے زیادہ ریونیو اکٹھا کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سے شاہدرہ اور فیصل آباد سے خانیوال تک سنگل ٹریک ہے ۔

اس کو ڈبل ٹریک کر کے گاڑیوں کی تاخیر کے مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے فیصل آباد سے کراچی کیلئے بلا ناغہ مال بردارٹرین چلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سندھ میں چند ماہ قبل احتجاج کی وجہ سے مرکزی شاہراہ بند رہنے سے حکومت اور تاجروں کو اربوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔لہٰذا نئی فریٹ ٹرین چلانے کے علاوہ موجودہ مسافر ٹرینوں میں بھی سامان کی بوگیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چند روز قبل لاہور سے کراچی کیلئے عالمی معیار کی بزنس ٹرین کا افتتاح کیا ہے۔مقامی بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے اس معیار کی ٹرین فیصل آباد سے بھی چلائی جائے۔انہوں نے فیصل آباد سے لاہورکے درمیان تعطل کا شکار ٹرین، ریلوے اسٹیشن کے باالمقابل زمین کو کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے، فیصل آباد کا ریلوے اسٹیشن کی محرومیوں کا ازالہ اور اضافی سہولتوں کی دستیابی، ریلوے کی دستیاب اراضی پر پھلدار پودوں کی وسیع شجر کاری، گوجرہ سے سانگلہ ہل تک پسنجر ٹرین چلانے ، مسافر ٹرینوں میں فیصل آباد چیمبرکے ممبران کیلئے خصوصی کوٹہ کی بحالی اورفیصل آباد سے چنیوٹ جانے والی ریلوے لائن ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کے قریب ٹریک سے ملحق پلیٹ فارم تعمیر کا بھی مطالبہ کیا۔