Live Updates

بھارت کا طیارے گرا نے کاجھوٹادعوی عالمی سطح پر بھارت کی مزید جگ ہنسائی کا باعث بنے گا‘ عرفا ن صدیقی

نواز شریف سے خواجہ آصف یا کسی بھی رہنما کی ملاقات کو غیر معمولی یا سازش کے رنگ میں پیش کرنا درست نہیں 27 ویں آئینی ترمیم کے کسی ڈرافٹ پرکوئی سنجیدہ مشاورت نہیں ہورہی‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کا بیان

اتوار 10 اگست 2025 19:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما،سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے پاکستانی طیارے گرانے کے نئے بھارتی دعوے کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جھوٹے دعوے عالمی سطح پر بھارت کی مزید جگ ہنسائی کا باعث بنیں گے۔

جھوٹ کبھی بانجھ نہیں رہتا بلکہ مزید جھوٹ پیدا کرتا ہے، مودی سرکار کا یہ دعوی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے خواجہ آصف یا کسی بھی رہنما کی ملاقات کو غیر معمولی یا سازش کے رنگ میں پیش کرنا درست نہیں،یہ معمول کی سیاسی ملاقاتیں ہیں جنہیں غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر میڈیا میں پیش کیا جا رہا ہے، اس ملاقات کو کسی سرکاری افسر کی گرفتاری سے جوڑنا درست نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی طاقت کھو چکی ہے اور اب کوئی ان کے لیے سڑکوں پر نکلنے کو تیار نہیں۔ پی ٹی آئی کا 14 اگست کی تقاریب کو احتجاجی رنگ دینا 9 مئی سوچ کا تسلسل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی سے کوئی خطرہ نہیں ، حکومت نہ پہلے پی ٹی آئی سے بات چیت سے انکاری تھی اور نہ اب ہے مگر مذاکرات اسی وقت ممکن ہیں جب پی ٹی آئی اپنی سوچ اور رویے میں سنجیدہ تبدیلی لائے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے کسی ڈرافٹ پرکوئی سنجیدہ مشاورت نہیں ہورہی۔انہوںنے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔ پی ٹی آئی کے اندر بھی کئی رہنما انتخابات میں حصہ لینے کے حق میں ہیں، اپوزیشن کبھی نہیں مرتی، اگر اس کے پاس مضبوط نظریہ اور عوامی حمایت ہو تو وہ چاہے چند افراد پر ہی مشتمل ہو، حکومت پر تنقید جاری رکھ سکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ تمام ریاستی ادارے، عدالتیں، پارلیمنٹ اورکاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، چند افراد کے ذہنی خلجان کو بحران کا نام دینا درست نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات