ہیوی ٹریفک سے بڑھتے حادثات ،ْ حکومت قوانین پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہوگئی ،ْ منعم ظفر خان

حکومت کی جانب سے کیمرے لگانے کے اعلانات پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا الٹا موٹر سائیکل سواروں پر نمبر پلیٹ لگانے کے لیے سختی کی جاتی ہے ،گزشتہ رات گرفتار بے قصور افراد کو فوراً رہا کیا جائے ،ْحادثے کے مجرموں کو سخت سزا دی جائے ،ْنمازجنازہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو شہر میں ٹریفک قوانین کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے، بھاری گاڑیوں کے لیے اوقاتِ کار کی سختی سے پابندی کروائی جائے، مطالبہ

اتوار 10 اگست 2025 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے بجائے وقتی لیپا پوتی کی جاتی ہے، عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے سڑکوں کی نگرانی کے لیے کیمرے لگانے کے اعلانات تو بہت کیے جاتے ہیں مگر ان پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔

الٹا موٹر سائیکل سواروں پر نئی نمبر پلیٹ لگانے کے لیے سختی کی جاتی ہے جبکہ بھاری گاڑیوں کی لاپرواہ ڈرائیونگ روکنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا جاتا۔حادثات کے بعد محض خانہ پوری کے طور پر بے گناہوں کو گرفتار کر لیا جاتا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے، گزشتہ رات گرفتار کیے گئے ایسے تمام بے قصور افراد کو فوراً رہا کیا جائے۔

(جاری ہے)

حادثے کے مجرموں کو سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ڈرائیور انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے کی جرات نہ کرے۔

حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو معاوضہ دینامسئلے کا حل نہیں مگر ان کی اشک شوئی زرتلافی اداکیا جائے ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ رات پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے بیٹے اور بیٹی کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔نمازِ جنازہ جامع مسجد نورالسلام نیو کراچی 11Dکے باہر سڑک پرادا کی گئی، جس میں امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، بلدیاتی ذمہ داران، اہلِ محلہ، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

بعدازاں منعم ظفرخان نے لواحقین سے ملاقات کرکے گہرے رنج و غم اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ منعم ظفر خان نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ شہر میں ٹریفک قوانین کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے، بھاری گاڑیوں کے لیے اوقاتِ کار کی سختی سے پابندی کروائی جائے، رہائشی علاقوں میں اسپیڈ بریکرز نصب کیے جائیں اور جدید مانیٹرنگ سسٹم لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔