بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس اور انسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل سائیکالوجی کاپاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹکس کے ساتھ مل کر 21 ویں کانووکیشن کا انعقاد

اتوار 10 اگست 2025 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس اور انسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل سائیکالوجی نے پاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹکس کے ساتھ مل کر 21 ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف اور بحریہ یونیورسٹی کے پرو چانسلر ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور طلباء کو اسناد تفویض کیں۔ اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اپنے خطاب میں انہوں نے فارغ التحصیل طلباء کو نصیحت کی کہ وہ زندگی کو سیکھنے کا مسلسل سفر سمجھیں، اپنے مقاصد میں ثابت قدم رہیں اور چیلنجز کا مقابلہ ہمت اور حوصلے سے کریں۔

انہوں نے زور دیا کہ دیانتداری، محنت اور جذبہ ذمہ داری ہی وہ اقدار ہیں جو ان کے روشن مستقبل کی بنیاد بنیں گی اور ان کے خاندان، پیشے اور مادرِ علمی کا نام روشن کریں گی۔

(جاری ہے)

بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) آصف خالق نے استقبالیہ خطاب میں تعلیمی معیار اور ہمہ جہت تربیت کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ بحریہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء نہ صرف اپنے شعبوں میں کامیاب ہوں گے بلکہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

تقریب میں مختلف شعبہ جات کے 3,276 طلباء کو اسناد دی گئیں جن میں تین پی ایچ ڈی ڈگریاں بھی شامل تھیں۔ نمایاں کارکردگی پر 95 گولڈ میڈلز اور 90 سلور میڈلز تقسیم کیے گئے۔تقریب میں فارغ التحصیل طلباء، ان کے اہل خانہ، اساتذہ، اعلیٰ حکام اور تعلیمی شعبے سے وابستہ معزز مہمانوں نے شرکت کی۔