سندھ ہائی کورٹ نے دہشتگردی کی فنڈنگ کے الزام میں گرفتار ملزم سعید کی درخواست ضمانت مسترد کردی

پیر 11 اگست 2025 19:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) سندھ ہائی کورٹ نے دہشتگردی کی فنڈنگ کے الزام میں گرفتار ملزم سعید کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں ایئرپورٹ خود کش حملے کے لئے فنڈنگ کے مقدمے میں دہشتگردی کی فنڈنگ کے الزام میں گرفتار ملزم سعید کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزم سعید کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

وکیل صفائی مامون شیروانی نے موقف دیا کہ فارنسک رپورٹ کے مطابق ملزم کے دستخط کیش ڈیپازٹ سلپ سے میچ نہیں ہوئے۔ مقدمے میں نجی بینک افسر ملزم بلال کو ضمانت مل چکی ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزم نے خودکش حملہ آور کو دہشتگردی کے لئے فنڈنگ کے لئے سہولتکاری فراہم کی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ کے مطابق ملزم کا نجی بینک کے حب برانچ میں اکاؤنٹ موجود تھا۔

ریکارڈ کے مطابق ملزم نے شریک ملزم کے ہمراہ بینک منیجر کے ذریعے گاڑی کی خریداری کے لئے 71 لاکھ روپے جمع کروائے۔ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہی گاڑی کراچی ایئرپورٹ کے باہر غیر ملکیوں پر خودکش حملے میں استعمال کی گئی۔ ملزم نے بینک میں اپنی موجودگی سے انکار نہیں کیا۔ استغاثہ کے پاس ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ملزم کو ضمانت کی رعایت نہیں دی جاسکتی۔