بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، پیرسید ارشد علی

پیر 11 اگست 2025 22:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) تحریک اہلسنّت پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون اور ریاستی دہشت گردی نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ عالمی امن کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔ عالمی برادری کو یہ حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیاں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں اور پڑوسی ممالک کے خلاف مسلسل عسکری اشتعال انگیزی خطے کو ایٹمی تصادم کے دہانے پر لے جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 10 مئی 2025 کے فضائی معرکے میں بھارتی فضائیہ کو تاریخ کی بدترین شکست دے کر پاکستان نے واضح کر دیا کہ ہم اپنے دفاع، خودمختاری اور عزتِ نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بھارت جتنا بھی جھوٹا پروپیگنڈہ کر لے، زمینی حقائق تبدیل نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

اگر بھارتی قیادت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو اس کا انجام بھی سوویت یونین کی طرح ٹوٹ پھوٹ اور بربادی ہوگا۔

پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت اور عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق کے چارٹر اور خطے کے امن کے تقاضوں کا پابند بنایا جائے، بصورتِ دیگر آنے والی جنگ کے نتائج صرف برصغیر ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو بھگتنا پڑیں گے۔