حریت رہنما شیخ عبدالعزیز کی قربانیاں کشمیری تاریخ کا سنہری باب ہیں، سردار عتیق احمد خان

پیر 11 اگست 2025 22:24

مظفرآباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ حریت رہنما شیخ عبدالعزیز مرحوم کی زندگی اور جدوجہد تحریک آزادی کشمیر کے سنہری باب کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے بھارتی جبر و استبداد کے خلاف بے مثال مزاحمت کی اور اپنے خون سے اس تحریک کی آبیاری کی۔

ان کی شہادت اس امر کا ثبوت ہے کہ کشمیری عوام آج بھی آزادی کے حصول کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔سردار عتیق احمد خان نے یہ بات مجاہد منزل راولپنڈی میں مختلف وفود اور مسلم کانفرنس کے کارکنان سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر انہوں نے شیخ عبدالعزیز کے یومِ شہادت کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں ان کا شہید ہونا اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ بھارت کشمیری قیادت کی آواز کو برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ وہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے، ان کے دکھ درد میں شریک ہوتے اور جدوجہد آزادی کا پیغام ہر گلی کوچے میں پہنچاتے۔ بھارتی قابض فورسز کی طرف سے بارہا گرفتار اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے باوجود انہوں نے کبھی حق گوئی سے منہ نہیں موڑا۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آج کشمیری عوام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شیخ عبدالعزیز کے مشن کو زندہ رکھیں، اتحاد و اتفاق کے ساتھ آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کی منزل قربانی، صبر اور استقامت سے ہی حاصل ہو سکتی ہے۔انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ضمیر کی خاموشی کشمیری عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، اس لیے دنیا کو بھارت کے دوہرے معیار اور ریاستی جبر کے خلاف کھڑا ہونا ہو گا۔

سردار عتیق احمد خان نے واضح کیا کہ مسلم کانفرنس شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد ہر محاذ پر جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طاقت اور ہٹ دھرمی کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کو کبھی شکست نہیں دے سکتی۔دریں اثناء صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان راولپنڈی میں ایس پی ریٹائرڈ سردار مقصود عباسی کی بیٹی کی شادی میں شرکت کی۔بعد ازاں صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان راولپنڈی میں معروف کاروباری شخصیت ظفرستی کے والد محترم میجر ریٹائرڈ صابر ستی اور چچاکرنل ریٹائرڈ وزیر ستی کی وفات پر تعزیت و دعائے مغفرت بھی کی ہے ۔