خیبرپختونخواکی اسمبلی میں اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے مشترکہ قراردادپاس

پیر 11 اگست 2025 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) خیبرپختونخواکی اسمبلی نے اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے مشترکہ قراردادپاس کرتے ہوئے ان کی حفاظت،سکیورٹی اور شمولیت کویقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے پرزوردیاہے۔پیر کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران اقلیتی رکن عسکرپرویز نے قراردادپیش کی جس کے متن میں کہاگیاکہ یہ خیبرپختونخوااسمبلی پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے فروغ اورتحفظ کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اورہرگاہ کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کوانکے مذہبی وابستگی سے قطع نظر یکساں حقوق اور تحفظ کی ضمانت دیتاہے اورہرگاہ کہ مذہبی اقلیتوں نے ہماری سماجی،اقتصادی اورثقافتی زندگی میں نمایاں کردارادا کیا ہے یہ منظورکیاجاتاہے کہ صوبائی اسمبلی اقلیتی حقوق کے دن کااحترام کرتی ہے تاکہ بین المذاہب ہم آہنگی کا احترام کیاجاسکے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے عزم کی توثیق کرتی ہے تمام اسٹیک ہولڈرسے اپیل کرتی ہے کہ وہ اقلیتوں کو درپیش چیلنجزکوحل کرنے کیلئے مل کر کام کریں متعلقہ کمیٹیوں کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ اقلیتی برادری کیلئے پالیسیاں مرتب اور تجویز کریں مزیدیہ کہ اسمبلی حکومت سے سفارش کرتی ہے کہ وہ اقلیتوں کی حفاظت،سکیورٹی اور شمولیت کویقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں خیبرپختونخوااسمبلی میں اقلیتی رکن باباگورپال سنگھ نے قومی اقلیتی دن کے موقع پر ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان وہ پاک دھرتی ہے جہاں باباگروناتھ کی جنم بھی ہوا اور جائے وفات بھی،پاکستان کی دھرتی سکھوں کیلئے انتہائی مقدس ہے 1947ء میں ہمارے اباؤاجدادنے اس ملک میں مرمٹنے کا فیصلہ کیاتھا میراتعلق ضلع خیبر سے ہے قبائلی وہ لوگ تھے جنہوں نے ہندوستان جانے کی بجائے پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی آج بدقسمتی سے ہم قبائلیوں کیساتھ کیاکررہے ہیں قائداعظم نے فرمایاتھاکہ اقلیتی برادری مکمل آزادہیں آئین وقانون میں ہمارے لئے سب کچھ ہیں سکھ کمیونٹی نے آئی ڈی پیز کو سنبھالا ہم امن پسند ہیں امن کیلئے سنجیدہ کوششیں ہونی چاہئے قومی دن پر درخواست ہے کہ جہاں پرہماری کمیونٹی کے مسائل ہیں انہیں حل کئے جائیں اقلیتوں کے میرج ایکٹ کوایوان میں لایاجائے مسیحی برادری کاقانون لاء ڈیپارٹمنٹ کے پاس زیرالتواء کیلاشی میرج بل پرکام ہو،صوبے میں سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ کا روکاجائے،دھماکے میں شہید مسیحی کمیونٹی کے لوگوں کومعاوضہ دیاجائے۔