ایف پی سی سی آئی نے سوئی ناردرن کی جانب سے صنعتوں کو بھجوائے گئے 75 ارب کے بل مسترد کر دئیے

اگر فوری ایکشن نا لیا گیا کاروباربند کرنے پرمجبور ہوںگے ‘ ریجنل چیئرمین زین افتخار،نائب صدر ذکی اعجاز کی پریس کانفرنس

پیر 11 اگست 2025 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے سوئی ناردرن گیس کی جانب سے صنعتوں کو بھجوائے گئے 75ارب روپے کے بل مسترد اوروزیراعظم اور متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری ایکشن نا لیا گیا کاروباربند کرنے پرمجبور ہوںگے ۔لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی ریجنل چیئرمین زین افتخار نے کہا کہ قانون کے مطابق جو بل ادا ہو چکے ہیں وہ دوبارہ نہیں لیے جا سکتے، صنعتوں کا پہلے ہی پہیہ جام ہے اب ایک بار پھر ظلم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نائب صدر ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز نے کہا کہ پہلے ہم نے ایف بی آر کے ٹیکس آرڈیننس کے خلاف جنگ جیتی، اب ایک بار پھر سوئی گیس نے صنعتوں پر حملہ کیا ہے، ایس آئی ایف سی اور وزیراعظم فوری طور پر نوٹس لے کر آج ہی اس معاملے کا حل نکالیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہماری بات نا سنی تو پھر ہم آئندہ سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے، اوگرا اور سوئی گیس کے اندرونی معاملے کا خمیازہ ہم کیوں بھگتیںہمیں پہلے اس معاملے سے آگاہ بھی نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی معاشی پالیسیوں کے خلاف یہ سارے محکمے کام کر رہے ہیں۔