سول ملٹری گٹھ جوڑ نے قوم کو سخت مایوس کیا، ہائبرڈ نظام سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا

ملک میں سیاسی بحران گہرا ہورہا ہے،اگر جلد حل نہ نکالا گیا تو بچے کھچے جمہوری نظام کو بھی لے ڈوبےگا، قوم اس ظلم وجبر کے نظام اور مصنوعی قیادت کی تبدیلی چاہتی ہے، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 اگست 2025 23:14

سول ملٹری گٹھ جوڑ نے قوم کو سخت مایوس کیا، ہائبرڈ نظام سے ملک آگے نہیں ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 11 اگست 2025ء ) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور مفادات کے اسیر حکمرانوں نے آئین کا تقدس پامال اور جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت مسلط کررکھی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہو کر اقتدار تک پہنچنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ سول ملٹری گٹھ جوڑ نے قوم کو سخت مایوس کیا ہے۔

ہائبرڈ نظام سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ حالات کو بدلنے کیلئے قومی سطح کی تحریک کی اشد ضرورت ہے اور یہ ضرورت صرف جماعت اسلامی پوری کرسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں حلقہ لاہور کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیا ء الدین انصاری ایڈووکیٹ اورناظم شعبہ تربیت حافظ سیف الرحمن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

 لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کی قیادت کرسکتا تھا مگر نااہل اور خود غرض حکمرانوں اور منہ زور اسٹیبلشمنٹ نے قوم کا یہ خواب چکنا چور کردیا۔ سودی قرضوں کی معیشت، کاسہ لیسی، کرپشن اور بدیانتی نے ملک کو اس حال میں پہنچا دیا ہے کہ دنیا انگلیاں اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام متحد ہوجائے تو دنیا کی کوئی ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتی۔

اسرائیل ہر طرح کے ظلم و بربریت اورغزہ پر ساٹھ ہزار ٹن سے زیادہ بارود برسانے، ہزاروں معصوم انسانوں کا قتل عام کرنے کے باوجود اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے مشترکہ حملوں کے باوجود آج ایران پہلے سے زیادہ شان و شوکت کے ساتھ دنیا کے نقشے پر موجود ہے اور امریکہ اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں قوم نے جس اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس کی وجہ سے صرف چند گھنٹوں میں بھارت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگیا اور پاکستان کو اللہ تعالی شاندار فتح سے نواز ا لیکن حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے اتنی بڑی کامیابی سے وہ مقاصد حاصل نہیں کئے جاسکے جواس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حاصل کئے جانے چاہئیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ دیانتدار قیادت ہی ملک و قوم کو مسائل کے اس بھنور سے نکال سکتی ہے۔