ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی چین کے سفارتخانے میں منعقدہ سمپوزیم میں شرکت، چینی عوام کی فاشزم کے خلاف جدوجہد کو خراجِ تحسین

منگل 12 اگست 2025 00:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے پیر کو عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ سمپوزیم میں شرکت کی جو جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی جنگ اور عالمی فاشزم کے خلاف جنگ کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں چین کے سفیر چیانگ زئے ڈونگ نے بھی شرکت کی۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے تاریخی جدوجہد کے دوران چینی عوام کی بے مثال جرات، استقامت اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی فتح کو انصاف کی جیت قرار دیا اورچینی عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور پارلیمان کی طرف سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا اور کہا کہ 80 سال بعد بھی سبق واضح ہے کہ ظلم کے مقابل انصاف اور اتحاد کامیاب ہوتے ہیں،14سالہ جنگ میں 3 کروڑ 50 لاکھ چینی شہریوں کی جانوں کا ضیاع اور نانجنگ میں 3 لاکھ کا قتل عام، انسانیت پر ڈھائے گئے ظلم کی بھیانک تصویر پیش کرتے ہیں، پاکستان کی پارلیمان اور عوام چینی عوام کے ساتھ اپنی لازوال دوستی اور دلی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں،چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں فسطائیت کے خلاف چینی عوام کا تاریخی کردار قابلِ تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک۔چین دوستی پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہری اور ہر آزمائش میں ثابت قدم ہے، پاکستان اور چین کی شراکت داری ایک ہمہ جہتی سٹریٹجک تعلق ہے، دونوں ممالک نوآبادیاتی تسلط کے خلاف مشترکہ جدوجہد اور خودمختاری کے اصولوں پر قائم ہیں،سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا انقلابی منصوبہ ہے، پاکستان اور چین ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، قدرتی آفات، عالمی وباؤں اور چیلنجز کے دوران دونوں ممالک غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب ماضی کی یاد دہانی ہی نہیں بلکہ آج کے دور میں امن و انصاف کے عزم کی تجدید ہے، عالمی چیلنجز کے تناظر میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح اور فریضہ ہے، تاریخ گواہ ہے کہ یکطرفہ جارحانہ رویہ ہمیشہ تباہی کی دہلیز تک لے جاتا ہے ، عالمی وبائیں، ماحولیاتی تبدیلی، معاشی عدم استحکام اور انتہا پسندی مشترکہ حکمتِ عملی کے متقاضی ہے، جدید دور کے چیلنجز کا سامنا صرف باہمی تعاون اور بامقصد مکالمے سے کیا جا سکتا ہے،امن اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والوں کی جدو جہد آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ جانثاروں کی جر?ت ہمیں جنگ اور جبر سے آزاد دنیا کی تعمیر کا راستہ دکھاتی ہے، مکالمے اور باہمی تفہیم کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔