بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی 8 اپیلوں پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری

ضمانت کے فیصلے میں فائنڈنگ ٹھیک ہے یا نہیں، اس کو فی الحال ٹچ نہیں کرنا، ابھی ہم قانونی معاملات میں نہیں جائیں گے‘چیف جسٹس

منگل 12 اگست 2025 11:18

بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی 8 اپیلوں پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی 8 اپیلوں پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کردیا۔سپریم کورٹ نے پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ کو قانونی سوالات پر تیاری کا حکم دیا ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا ہے کہ ضمانت کی درخواست میں فائنڈنگ دی گئی ہیں، ضمانت کے فیصلے میں فائنڈنگ ٹھیک ہے یا نہیں، اس کو فی الحال ٹچ نہیں کرنا، فی الحال ابھی ہم قانونی معاملات میں نہیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ابھی قانونی فائنڈنگ کو ٹچ کیا تو کسی ایک کے لیے کیس متاثر ہوسکتا ہے، آج فریقین کو نوٹسز جاری کر رہے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ میں کچھ بولنا چاہتا ہوں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکیل سلمان صفدر کو روسٹرم پر بولنے کی اجازت نہیں دی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ کیا ضمانت کیس میں حتمی آبزرویشنز دی جاسکتی ہیں دونوں سائیڈ کے وکلاء قانونی سوالات پر معاونت کریں، وکلاء آئندہ سماعت تک لیگل ایشوز پر تیاری کرلیں۔چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی۔ اس بینچ میں میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس شفیع صدیقی بھی شامل تھے۔