پی آئی اے کا یوم آزادی پر کرایوں میں خصوصی 14 فیصد رعایت دینے کا اعلان

منگل 12 اگست 2025 15:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی ای)نے یوم آزادی کی مناسبت سے کرایوں پر خصوصی 14 فیصد رعایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔پی آئی اے کی جانب سے یہ رعایت سعودی عرب، خلیجی ممالک، ملکی روٹس اور پاکستان کے شمالی علاقوں کے لیے سفر کرنے والے مسافروں پر لاگو ہوگی تاہم یہ صرف 14 اگست کو کیے جانے والے سفر کے لیے موثر ہوگی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پی آئی اے نے ایک نیا براہِ راست فضائی روٹ متعارف کرایا ہے جو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کو سیالکوٹ سے جوڑے گا۔ایئرلائن حکام کے مطابق ہر سال تقریبا دو لاکھ مسافر ریاض سے پاکستان کے مختلف شہروں کا سفر کرتے ہیں۔یہ نئی سروس سفر میں سہولت اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان فضائی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے تاکہ مسافروں کو زیادہ براہِ راست سفر کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔