مضبوط مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، سردار میراکبرخان

منگل 12 اگست 2025 16:18

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)آزاد حکومت کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری منزل ہے، پاکستان کا یوم آزادی کشمیری پوری دنیا میں بھر پور انداز میں منائیں گے، مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، پاکستان حاصل کرنے اور آزاد کشمیر کا یہ خطہ آزاد کروانے میں ہمارے اسلاف نے جانوں کے نذرانے پیش کیے، یوم آزادی کے موقع پر شہدا کی سر زمین باغ میں ایسا جشن ہو گا جو تاریخ یاد رکھے گی، نئی نسل کو معلوم ہونا چاہیے کہ آزادی کے لیے لاکھوں جانیں قربان کی گئیں، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی دو ٹوک حمایت کی ہے اور افواج نے ہمیشہ اپنی جانیں دیکر کشمیر کا تحفظ کیا ہے، پاکستان سے ہمارا تعلق لازوال ہے، یوم آزادی کے موقع پر کشمیر کا بچہ بچہ پاکستان کا جھنڈا لگا کر یہ ثابت کرے گا کہ ہماری منزل پاکستان ہے،ہمیں اپنے بچوں کو پاکستان کی اہمیت اور افادیت سمجھانے کی ضرورت ہے، ہماری آنے والی نسل کو بخوبی اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ پاکستان کشمیریوں کیساتھ کسطرح کھڑا رہا ہے اور کشمیر کے لیے پاکستان کی قربانی کس قدر ہے اور پوری دنیا میں ہمارا وکیل پاکستان جس جرت مندی سے ہمار مقدمہ لڑرہا ہے اسکی کیا اہمیت اور افادیت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی و معرکہ حق کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر باغ راجہ محمد صداقت خان، ایس پی چوہدری امین سمیت جملہ ضلعی آفیسران، چیئرمین ضلع کونسل سردار آصف، میئر میونسپل کارپوریشن سردار عبدالقیوم بیگ سمیت جملہ بلدیاتی نمائندگان، چیئرمین یونین کونسلز، وکلا، تاجران، شہریان،صحافیوں اور سول سو سائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں جشن آزادی کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور متعلقین کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپورٹس سٹیڈیم میں 13اگست کو جشن آزادی کی مناسبت سے سٹالز لگائے جائیں گے شام 6بجے سے تقریبات کا آغاز ہو گا جبکہ رات کو سپورٹس سٹیڈیم اور گیاری چوک، باغ شہر میں آتش بازی ہو گی جبکہ 14اگست کو مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ہو گی جہاں پر پرچم کشائی کی جائے گی بعد ازاں موٹر سائیکل و جیپ ریلی بھی نکالی جائے گی جو لسڈنہ تک جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ تمام مین پلوں پر پاکستان و آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے جائیں گے۔ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیری بائی چائس پاکستانی کہلاتے ہیں کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے جسکا فیصلہ پاکستان بننے سے قبل ہمارے اجداد کر چکے ہیں جشن آزادی کو بھر پور انداز میں منائیں گے،شہروں، گلی محلوں اور سڑکوں پر پاکستانی پرچموں کی بہار ہو گی اور اہلیان باغ یہ ثابت کریں گے کہ انکے اجداد نے جو قربانیاں دیکر یہ خطہ آزادکروایا تھا اسکے وارث اپنے اجداد کی قربانیوں کو بھولے نہیں ہیں اور انکی طے کردہ سمت کیطرف گامزن ہیں۔