لاہورمیں آن لائن ٹیکسی ایپ کے ذریعے قیمتی سامان لوٹنے والا گروہ پکڑا گیا

ملزمان سے لاکھوں مالیت کا سامان، گاڑیاں، پستول، لگژری آئٹمز اور 200 سے زائد سم کارڈ برآمد کر لیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 اگست 2025 14:27

لاہورمیں آن لائن ٹیکسی ایپ کے ذریعے قیمتی سامان لوٹنے والا گروہ پکڑا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آن لائن ٹیکسی ایپ کے ذریعے قیمتی سامان لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہورمیں سیف سٹی کیمروں کی ٹریسنگ سے آن لائن ٹیکسی ایپ کے ذریعے قیمتی سامان لوٹنے والا 4 رکنی گینگ گرفتار کیا گیا ہے، جیل روڈ لاہور سے آن لائن ٹیکسی کا ڈرائیور شہری کا لاکھوں مالیت کا سامان لے کر فرار ہوا، شہری نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے فوری پولیس کی مدد طلب کی، کال موصول ہوتے ہی سیف سٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے کیمروں کی مدد سے ٹریسنگ شروع کی۔

بتایا گیا ہے کہ سیف سٹی کی اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی سے ملزمان کی گاڑی کا مکمل روٹ ٹریس کرکے لوکیشن پولیس کو فراہم کی گئی، پولیس نے سیف سٹی کی نشاندہی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا، جس سے تفتیش میں انکشاف ہوا کہ گینگ جعلی ڈرائیونگ ایپس کے ذریعے شہریوں سے فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث تھا، ملزمان سے لاکھوں مالیت کا سامان، گاڑیاں، پستول، لگژری آئٹمز اور 200 سے زائد سم کارڈ برآمد کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

دو روز قبل لاہور میں آن لائن ٹیکسی ایپ کے ڈرائیور کا شہری سے ایک اور فراڈ سامنے آیا جہاں آن لائن ٹیکسی ایپ کا ڈرائیور 45 ہزار مالیت کا کھانا اور برتن لے کر غائب ہوگیا تھا، ہربنس پورہ تھانے نے آن لائن ایپ کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا جو کہ شہری حماد حسن کی مدعیت میں ہے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شہری نے ماڈل ٹائون میں اپنے رشتے داروں کو کھانا بھجوانے کے لیے رائیڈ بک کی، کھانا وصول کرنے کے کچھ دیر بعد رائیڈ کینسل کردی گئی، ایپ منتظمین نے رابطہ کرنے پر کوئی تسلی بخش جواب نہ دیا، ڈرائیور کھانے اور برتن سمیت غائب ہوگیا، کھانا 45 ہزار روپے مالیت کا تھا۔