پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی ڈاکٹر شمبھو لال کے قتل کی مذمت،ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ

منگل 12 اگست 2025 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم ای) نے ڈاکٹر شمبھو لال کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم ای) پیر کی شام لیاری، کراچی میں ایک مشتبہ ٹارگٹڈ حملے میں قتل ہونے والے 60 سالہ معالج ڈاکٹر شمبھو لال کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتی ہے۔

پولیس رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر لال، مرزا آدم خان روڈ پر ایک پارک کے اندر تھے جب انہیں موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے فا ئرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پی ایم اے اس المناک واقعہ پر بہت غمزدہ ہے اور ڈاکٹر لال کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔صحت کی دیکھ بھال کرنے والے ایک بے گناہ پیشہ ور کا قتل پوری طبی برادری کے لیے ایک سنگین تشویش ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر ورکرز عوام کی صحت کیلئے دن رات کام کرتے ہیںلہذا ان کے لیے ناقابل قبول ہے کہ ان کی زندگیوں کو اس طرح کے خطرات لاحق ہوں۔پی ایم اے مطالبہ کرتی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو پکڑنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کریں۔ ہم حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس کی مکمل تحقیقات کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ذمہ داروں کو بلا تاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ہم حکومت سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹروں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے تمام پیشہ ور افراد کے لیے سیکیورٹی کو بڑھایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔پی ایم اے ڈاکٹر شمبھو لال کے خاندان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام طبی پیشہ ور افراد کی حفاظت اور تحفظ کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔