نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے شعبہ آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز کے زیراہتمام یوم آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد

منگل 12 اگست 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے شعبہ آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز کے زیراہتمام یوم آزادی اور یوم معرکہ حق کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ملی نغمے، علامہ اقبال کی شاعری کی خوبصورت قرات اور پراثر تقاریر پیش کی گئیں۔ مقررین میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز پروفیسر ڈاکٹر ارشد محمود، معروف کالم نگار، دانشور اور چیئرمین نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی (این آر کے این اے) ڈاکٹر خورشید احمد ندیم اور ریکٹر نمل میجر جنرل شاہد محمود کیانی، ہلال امتیاز (ملٹری) شامل تھے۔

ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز پروفیسر ڈاکٹر ارشد محمود نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ملک کی آزادی کے تحفظ اور قومی ترقی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کی ذمہ داری پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا کہ جنگیں صرف اسلحے سے نہیں بلکہ ایمان اور جذبے سے جیتی جاتی ہیں۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر خورشید احمد ندیم نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خطے میں بے پناہ اہمیت ہے اور اس کی بنیاد نوجوانوں کی لگن اور قربانیوں پر رکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان محض حالات کا نتیجہ نہیں بلکہ عزم و قربانی سے حاصل ہواہے۔ معرکہ حق کے تناظر میں انہوں نے قوم کو ثابت قدم رہنے، خود احتسابی اپنانے اور الزام تراشی و بدامنی کے کلچر سے گریز کی تلقین کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان ایک نعمت ہے جس کا احترام اور قدر ضروری ہے اور ترقی صبر اور مشکلات کے مقابلے میں استقامت سے ہی ممکن ہے۔

ریکٹر نمل میجر جنرل شاہد محمود کیانی، ہلال امتیاز (ملٹری) نے اپنے خطاب میں پاکستان کو ایک خدائی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک رمضان المبارک میں شب قدر کے بابرکت موقع پر حاصل ہوا جو ایک روحانی لحاظ سے نہایت اہم واقعہ ہے۔ انہوں نے آبائو اجداد کی قربانیوں اور مسلح افواج کی جرات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی زیادہ فوجی قوت کے باوجود معرکہ حق میں فتح حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل اور صلاحیت کی کمی نہیں، لہٰذا ہر شہری کو محنت، لگن اور اخلاص سے ملک کو بلندیوں تک پہنچانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ہم پاکستان کے بغیر کچھ نہیں۔