قومی لائبریری آف پاکستان میں "قومی ترقی کیلئے نوجوانوں کو بااختیار بنانا" کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

منگل 12 اگست 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) قومی لائبریری آف پاکستان نے معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں "قومی ترقی کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا" کے عنوان سے شاندار سیمینار کا انعقاد کیا۔ یہ سیمینار ملک کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین، اساتذہ، طلبہ اور پالیسی سازوں کی ایک عظیم فکری نشست تھی جس کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی، قیادت، جدت اور تعلیمی و فکری ترقی کا شعور اجاگر کرنا تھا۔

تقریب میں شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور ملک کی معاشی، سماجی اور ثقافتی ترقی میں ان کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔مہمان خصوصی سابق وفاقی سیکرٹری محترمہ علی بیگم نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کی اصل بنیاد آپ کا علم، آپ کی محنت اور آپ کی ایمانداری ہے، اگر نوجوان نسل عزم کے ساتھ آگے بڑھے تو کوئی طاقت پاکستان کو ترقی سے نہیں روک سکتی۔

(جاری ہے)

معزز مہمان مقرر سابق وفاقی سیکرٹری سید ابو احمد آکف نے اپنے خطاب میں نوجوان قیادت، پالیسی سازی اور پائیدار ترقی کے تقاضوں پر جامع روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل صرف اور صرف اس کی نوجوان نسل کی قابلیت اور کردار پر منحصر ہے۔اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ تاریخ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر عبدالباسط مجاہد نے پاکستان کی آزادی کے تاریخی پس منظر اور معرکہ حق کے اسباق کو نہ صرف تاریخ کا حصہ بلکہ موجودہ اور آنے والے وقتوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ قرار دیا۔

تقریب کا آغاز قومی لائبریری آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل رانا یاسر بھون کے خیرمقدمی کلمات سے ہوا جنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور مثبت قیادت کے مواقع فراہم کرنا ایک مضبوط اور خود مختار پاکستان کی تعمیر کی بنیادی شرط ہے۔تقریب میں ماڈل سکولز اسلام آباد کے طلبا و طالبات نے نہ صرف دلکش ملی نغمے اور حب الوطنی سے لبریز سٹیج پرفارمنس پیش کی بلکہ موضوع پر مختصر مگر پراثر تقاریر بھی کیں۔

ان تقاریر میں نوجوان مقررین نے اپنے خواب، امیدیں اور چیلنجز بیان کرتے ہوئے عہد کیا کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں وقف کریں گے۔شرکا نے اس سیمینار کو ایک مثبت اور حوصلہ افزاء تجربہ قرار دیا جس نے نہ صرف نوجوانوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ فراہم کیا بلکہ قومی لائبریری آف پاکستان کو ایک ایسے ادارے کے طور پر پیش کیا جو علم، قیادت اور قومی شعور کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔