پنجاب کے اضلاع میں 20 روپے میں الیکٹرک بس پر شاندار اور آرام دہ سفرہوگا،وزیراعلی مریم نواز

منگل 12 اگست 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وزیراعلی مریم نواز نے ایکس پر پنجاب کے عوام کیلئے مسرت آمیز پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب کے اضلاع میں 20 روپے میں الیکٹرک بس پر شاندار اور آرام دہ سفرہوگا۔ ایئرکنڈیشنڈ،وائی فائی اور دیگر سہولتوں سے لیس بسیں تیار کی گئی ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ چین کے شہر یانٹائی کی بندرگاہ پر 100 الیکٹرک بسوں کے فلیٹ کی بحری جہاز پرلوڈنگ جاری ہے جوآج رات پاکستان روانہ ہوگا۔

(جاری ہے)

طویل عرصے سے پبلک ٹرانسپورٹ نظام سے محروم اضلاع میں بسیں ترجیحی بنیادوں پر چلائی جارہی ہیں - انہوں نے کہا کہ میانوالی،اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، مظفرگڑھ،وہاڑی، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان میں ای بسیں چلائی جارہی ہیں۔ الیکٹرک بس کا کرایہ صرف 20 روپے ہوگا۔ڈسٹرکٹ کیلئے ماحول دوست الیکٹرک بسوں میں ایئر کنڈیشنڈ، وائی فائی اور دیگر سہولیتیں بھی ہوں گی اور مکمل طور پر خودکار ٹکٹنگ سسٹم ہوگا۔وزیراعلی نے کہا کہ اضلاح میں چلائی جانے والی الیکٹرک بسوں پر سپیشل پرسن بھی آسانی سے سفر کر سکیں گے۔ پنجاب کے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور پر سکون سفر فراہم کریں گی۔