سی ڈی اے کا ''معرکہ حق'' اور یومِ آزادی پاکستان کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کیلئے سیکورٹی انتظامات کا اعلان

منگل 12 اگست 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ''معرکہ حق'' اور یومِ آزادی پاکستان کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کیلئے اسلام آباد بھر میں وسیع تقریبات اور سیکورٹی انتظامات کا اعلان کیا ہے۔ تیاریوں کا جائزہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیا گیا جس کی صدارت سی ڈی اے کے چیئرمین اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں کی۔

اجلاس میں سی ڈی اے کے سینئر اراکین، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔ تقریبات کے سلسلے میں تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیئے گئے ہیں جبکہ اہم شاہراہوں اور مقامات جیسے کہ شاہراہ دستور، سری نگر ہائی وے، جناح ایونیو، ڈی چوک، اور پاکستان یادگار کو روشنیوں اور ڈیجیٹل سٹریمرز سے سجا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عوامی مقامات، پارکس اور میدانوں کو بھی برقی روشنیوں سے مزین کیا جا رہا ہے۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ہم معرکہ حق اور یومِ آزادی کو قومی جذبے کے ساتھ منانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریبات میں پرچم کشائی، ثقافتی پروگرام، آتش بازی، قومی نغموں کے مقابلے اور اسکول کے بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیاں جیسے تقریری مقابلے، پینٹنگ نمائشیں اور ٹیبلو شامل ہوں گے۔

سی ڈی اے کی برانڈڈ پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی یومِ آزادی اور معرکہ حق کے تھیمز دکھائے جائیں گے۔ چیئرمین نے زور دیا کہ سیکورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس کو ''فول پروف سیکورٹی'' یقینی بنانے کا ٹاسک دیا گیا ہے جس میں داخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوسٹس قائم کرنا، اہم مقامات کی سی سی ٹی وی نگرانی اور خصوصی سیکیورٹی ٹیموں کی تعیناتی شامل ہے۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ معرکہ حق کی تقریبات کا مقصد نہ صرف پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے بلکہ قوم کے اتحاد کی تجدید بھی ہے۔ انہوں نے یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں متحد اور ثابت قدم رہتی ہے اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔