لاڑکانہ،یوم آزادی کے موقع پر کھوڑا کمپلیکس میں نیٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد

بدھ 13 اگست 2025 16:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) یومِ آزادی ،معرکہ حق کے عنوان سے منانے کے حوالے میں کھوڑا کمپلیکس لاڑکانہ میں نیٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ۔ یہ ٹورنامنٹ کھیلوں اور نوجوانوں کے امور سے متعلق سندھ حکومت کے محکمے کی جانب سے منعقد کیا گیا جبکہ اس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس بورڈ لاڑکانہ کا تعاون بھی شامل تھا۔ٹورنامنٹ کا فائنل سندھ سپورٹس بورڈ لاڑکانہ اور گلوبل نیٹ بال کے درمیان ہوا اور فائنل سندھ سپورٹس بورڈ لاڑکانہ نے جیتا۔

ٹورنامنٹ کی رنر اپ ٹیم آئی بی اے سپورٹس کلب لاڑکانہ رہی۔اس موقع پر خصوصی مہمان ندیم اشرف وڑائچ (پی ایس پی) ایس ایس پی موٹروے، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ وجاہت غفور میرانی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لاڑکانہ محفوظ احمد مکانی، ادارے کے افسران اور عوام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا اور پاکستان کا قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔ اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔

تقریب کے آغاز میں مہمانوں کو سندھ کی روایتی سوغات اجرک بھی پیش کی گئی۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی جانب سے ونر اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں دی گئیں ۔ موٹروے پولیس کی جانب سے کھلاڑیوں کو انعامی تحائف بھی دیے گئے۔اس کے بعد ٹیبل ٹینس میچ زیبسٹ کالج اور چانڈکا میڈیکل کالج کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ونر ٹیم زیبسٹ اور رنر اپ ٹیم چانڈکا میڈیکل کالج رہی۔

اس میچ کے خصوصی مہمان اعجاز احمد لغاری چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل لاڑکانہ تھے۔ جیتنے والی ٹیم زیبسٹ کو ونر ٹرافی دی گئی اور انعامات تقسیم کیے گئے۔آخر میں گذشتہ ہفتے کے دوران ہونے والے سپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب کا کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر اسد اللہ بھٹو وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل لاڑکانہ، ایڈووکیٹ عبدالنبی ساريو، سپورٹس محکمے کے افسران اور عوام بڑی تعداد موجود تھی۔