یوم آزادی صرف خوشی کا دن نہیں بلکہ اس مقصد کی تجدید کادن ہے جس کیلئے شہداء نے قربانیاں دیں،صوبائی وزیر مواصلات

بدھ 13 اگست 2025 17:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اورصوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کومبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم ایک آزاد اور خودمختار ملک کے باسی ہیں تو یہ سب ہمارے ان بہادر شہدا کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کر دیں انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جانباز سپاہیوں نے ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ پیغام دیا کہ وطن کی حرمت اور بقا سب سے مقدم ہے۔

میر سلیم خان کھوسہ نے کہا کہ ہمارے شہدا نے کارگل کی برف پوش چوٹیوں سے لے کر آپریشن ضربِ عضب اور ردالفساد تک اپنی بہادری کی داستانیں رقم کیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں سپوتوں نے اپنے خون سے دھرتی کی آبیاری کی، ان کی قربانیاں تاریخ کے سنہری حروف میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی صرف خوشی کا دن نہیں بلکہ یہ اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم شہدا کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار رہیں گے۔ صوبائی وزیرمیر سلیم خان کھوسہ نے کہا کہ پاک فوج کے شہدا کو قوم کا سلام اور خراجِ عقیدت ہمیشہ پیش کیا جاتا رہے گا، کیونکہ انہی کے خون سے آزادی کا چراغ روشن ہے جو آج بھی پوری آب و تاب سے جل رہا ہے۔