دشمن کے خلاف معرکہ حق کی کامیابی نے یوم آزادی کا لطف دوبالا کر دیا، وفاقی وزیرعبدالعلیم خان

بدھ 13 اگست 2025 17:13

دشمن کے خلاف معرکہ حق کی کامیابی نے یوم آزادی کا لطف دوبالا کر دیا، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) یوم آزادی کے موقع پر وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 78ویں جشن آزادی پر دشمن کے خلاف معرکہ حق کی تاریخی کامیابی نے اس عظیم دن کا لطف دوبالا کر دیا ہے اور یہ 14اگست پوری قوم فاتح کی حیثیت سے منا رہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ ایکس پر جاری اپنے تہنیتی پیغام میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ لہلہاتا ہوا سبز ہلالی پرچم ہر پاکستانی کے دل کی دھڑکن ہے، معرکہ بنیان مرصوص نے دشمن پر پاک فوج کی ہیبت کو مسلمہ حقیقت بنا اور اس میں کوئی شک نہیں کہ فتح کا یہ احساس فیلڈ مارشل اور پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت کے مرہون منت ہے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ78برسوں میں پاک فوج نے ہر محاذ پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور وہ آج بھی وطن عزیز کے اندر اور باہر ملک دشمن عناصر بالخصوص دہشت گردوں کی بیخ کنی کے لئے سر بکف میدان عمل میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہنے کے لئے معرض وجود میں آیا ہے اور ہم سب کو ملکی وقار اور وطن عزیز کی سربلندی کے لئے "ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ"کے ارشاد پر عمل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اور ہمیں جدید دور سے ہم آہنگ ہونے کے لئے نوجوان نسل کی صلاحیتوں پر انحصار کرنا ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ قومی پرچم کے دونوں رنگ پاکستان کی خوبصورتی اور اتحاد کی علامت ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ یوم آزادی پر ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی خوشیاں ضرور منائیں لیکن ایک دوسرے کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔انہوں نے قومی شہداء اور وطن عزیز کی سلامتی کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو تا قیامت سلامت رکھے اور خوشیوں اور کامیابیوں کو گہوارہ بنائے۔