ایم کیو ایم پاکستان کے تحت "معرکہ حق" جشنِ آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری،ملک سے وفاداری کا عزم، شہدا کو خراجِ عقیدت

بدھ 13 اگست 2025 17:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)ایم کیو ایم پاکستان کے زیرِ اہتمام اندرونِ سندھ کے مختلف اضلاع ڈسٹرکٹ ٹھٹھہ،ڈسٹرکٹ سانگھڑ ٹنڈوآدم یونٹ، ڈسٹرکٹ نواب شاہ اور دیگر شہروں میں ایامِ آزادی کی مناسبت سے "معرکہ حق" کے عنوان سے شاندار تقریبات کا سلسلہ جوش و خروش سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

تقاریب میں قومی ترانے ، آتشبازی اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے خصوصی دعاں کا اہتمام کیا گیا جبکہ وہاں موجود شرکا کی جانب سے وطن عزیز اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔

اس موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے ذمہ داران نے تاریخی پس منظر، ملک و قوم کیلئے دی جانے والی قربانیوں اور قومی یکجہتی پر زور دیاجبکہ عوام نے تادمِ مرگ ملک سے وفاداری کے عزم کا اعادہ کیا۔تقاریب کے اختتام پر پرچم کشائی اور کیٹ کاٹا گیا۔ان تقریبات میں تنظیمی ذمہ داران، کارکنان اور عوام الناس نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔