مری میں جشن آزادی کے موقع پر خصوصی ٹریفک پلان جاری،200 سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی پر تعینات

بدھ 13 اگست 2025 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) مری میں جشنِ آزادی کے موقع پر سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس مری نے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر مری وسیم اختر کے مطابق یہ اقدامات ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مری میں 200 سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد سے آنے والی تمام ٹریفک ایکسپریس وے اور RMK جی ٹی روڈ کے ذریعے مری آ جا سکے گی جبکہ آزاد کشمیر جانے والے مسافر ایکسپریس وے استعمال کریں گے۔ٹریفک پلان کے مطابق ویو فورتھ روڈ، بنک روڈ، ہال روڈ، کلڈنہ روڈ اور امتیاز شہید روڈ کو ون وے کر دیا گیا ہے جبکہ مال روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہیوی ٹریفک کے داخلے پر صبح 6 بجے سے رات 2 بجے تک مکمل پابندی عائد ہو گی اور بسوں سمیت بڑی گاڑیاں بروری، بانسرہ گلی اور لوئر ٹوپہ سے آگے نہیں جا سکیں گی۔

شہر کو پانچ سیکٹرز میں تقسیم کر کے ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنائی جائے گی۔ جی پی او چوک، جھیکا گلی چوک، کلڈنہ چوک اور سنی بنک چوک کے گردونواح میں 200 میٹر تک پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ جی پی او چوک کو پارکنگ فری زون قرار دیا گیا ہے۔سی ٹی او مری نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مختص شدہ مقامات پر گاڑیاں پارک کریں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔ کسی بھی ٹریفک مسئلے کی صورت میں ٹریفک کنٹرول روم نمبر 051-9269200 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔