کوٹو ہائیڈروپاور منصوبہ کمرشل آپریشن میں داخل، قومی گرڈ کو بجلی کی فراہمی شروع

اس40.8میگاواٹ کے پن بجلی منصوبہ سے سالانہ 22ارب روپے کی آمدنی متوقع

بدھ 13 اگست 2025 22:10

تیمرگرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) 40.8میگاواٹ کے کوٹو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ (کوٹو ایچ پی پی)نے کمرشل آپریشن کی تاریخ(سی او ڈی)حاصل کرنے کے بعد پاکستان کے نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی ۔ گوادر پرو کے مطابق پختونخواہ انرجی ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو)نے کہا کہ پنجکورہ ندی پر تعمیر کیا گیا یہ رن آف ریور پاور پلانٹ سالانہ اندازا 155 جی ڈبلیو ایچ بجلی پیدا کرے گا، جو ملک کو کم لاگت اور قابل تجدید توانائی فراہم کرے گا، جس سے سالانہ آمدنی تقریباً 22ارب روپے متوقع ہے۔

گوادر پرو کے مطابق یہ منصوبہ پیڈو کی جانب سے تیار کردہ تیسرا ہائیڈروپاور اسکیم ہے، جو 10.2میگاواٹ جابوری ایچ پی پی(مانسہرہ)اور 11.8میگاواٹ کارورا ایچ پی پی (شنگلہ)کے بعد مکمل ہو کر قومی گرڈ سے منسلک ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ان تینوں پروجیکٹس کی مشترکہ پیداوار سالانہ 320 گیگاواٹ گھنٹے سے زائد ہوگی، جو گرڈ کے استحکام، علاقائی معیشت کی ترقی اور پاکستان کے صاف توانائی کے اہداف کے لیے معاون ثابت ہوگی۔

گوادر پرو کے مطابق کوٹو ایچ پی پی کے انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن(ای پی سی)معاہدے کا کام سیچوانسروارسیلیانچونگ چھنگ لویانگ جوائنٹ وینچر نے انجام دیا۔ اس منصوبے کا آغاز 2015میں ہوا تھا اور اسے 2020میں مکمل کرنے کا ہدف تھا، تاہم کووڈ-19وبا، سیکیورٹی صورتحال اور دیگر غیر متوقع مسائل کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔ 2022تک سول اور الیکٹرو مکینیکل کاموں کا 90فیصد سے زائد حصہ مکمل ہو چکا تھا اور حتمی کمیشننگ 2025میں کی گئی۔ گوادر پرو کے مطابق پیڈو نے کہا کہ کوٹو پروجیکٹ کی کمرشل آپریشن کی تاریخ حاصل کرنا خیبر پختونخوا کی ہائیڈروپاور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور ملک کو سستی، پائیدار بجلی فراہم کرنے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔