قوم کو جشن آزادی مبارک،آج ہم نے ملک کو پولیو سے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے، عائشہ رضا فاروق

جمعرات 14 اگست 2025 11:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ اس دن ہم نے ملک کو پولیو سے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔یومِ آزادی پر نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹرکی طرف سے جاری پیغام کے مطابق انہوں نےیومِ آزادی پر پوری قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یومِ آزادی قربانی، عزم اور یکجہتی کی یاد دلاتا ہے۔

عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پاکستان کو پولیو سے نجات دلانا آزادی کے سفر کا اہم تسلسل ہے، پولیو معصوم بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر دیتا ہے، پولیو ٹیموں کو خوش آمدید کہیں اور بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو بچوں کو اُن کے خوابوں اور بااعتماد زندگی کے حق سے محروم کر دیتا ہے،بہادر فرنٹ لائن ورکرز پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں پیش پیش ہیں۔

(جاری ہے)

عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط اور مسلسل کوششیں جاری ہیں،وزیراعظم کی قیادت میں قومی و بین الاقوامی شراکت دار پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔علاوہ ازیں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔تقریب میں وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے شرکت کی۔کوآرڈینیٹر نیشنل ای او سی انوار الحق اور بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔یومِ آزادی کی تقریب کے موقع پر شرکاء نے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔\932