اوکاڑہ ،جشن آزادی/ معرکہ حق کے سلسلہ میں ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد

جمعرات 14 اگست 2025 14:49

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) جشن آزادی/ معرکہ حق کے سلسلہ میں ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج، ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر اور چوہدری غلام رضا ربیرہ، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت نے پرچم کشائی کی، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں، ڈویژنل فارسٹ آفیسر چوہدری مشتاق چغتائی سمیت دیگر محکموں کے افسران، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، سول سوسائٹی اور شہریوں نے تقریب میں کثیر تعداد میں شرکت کی، تقریب میں قومی ترانا بجایا گیا اور پولیس کی چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، تقریب کے شرکا نے یادگار شہدا پر پھولوں کا گلدستہ چڑھایا، ڈی سی آفس کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے گئے، تقریب کے مہمانوں نے عوام الناس میں پودے بھی تقسیم کیے، اس کے بعد پاکستان کی 78 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔

(جاری ہے)

ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ پاکستان ہم نے بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا، آزادی سے بڑھ کر ہمارے لیے کوئی نعمت نہیں،ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ مسلح افواج وطن کے دفاع کی ضامن ہیں، افواج پاکستان اور عوام نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ مستقبل میں بھی بھارتی بزدلانہ کاروائیوں کا اسی جوش و جذبے سے مقابلہ کرنا ہوگا، ملکی سالمیت اور مضبوطی کے لیے تمام قوم پوری طرح متحد ہے، تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔\378