سانگھڑ،جشنِ آزادی و معرکۂ حق کی مرکزی تقریب، پرچم کشائی، شجرکاری اور مٹھائی کی تقسیم

جمعرات 14 اگست 2025 17:16

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح سانگھڑ میں بھی پاکستان کا 78واں یومِ آزادی جشنِ آزادی و معرکۂ حق کے عنوان سے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ضلع کی مرکزی تقریب پولیس لائن گراؤنڈ سانگھڑ میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید، ایس ایس پی عابد بلوچ، ضلع کونسل چیئرمین ریاض حسین شاہ خراسانی سمیت ضلع کے مختلف محکموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

تقریب میں صبح 7 بجکر 58 منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس کے بعد 8 بجے قومی پرچم لہرایا گیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ آزاد قوم کی علامت کے طور پر کبوتروں کو فضا میں آزاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔

(جاری ہے)

اس سال پاک بھارت جنگ میں افواجِ پاکستان کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید جنگی حکمتِ عملی کے ذریعے بھارت کو عبرتناک شکست دی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ رواں سال ضلع بھر میں 20 ہزار پودے لگائے جائیں گے اور ان کی بہتر دیکھ بھال بھی کی جائے گی۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری اولین ترجیح ہے اور قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ نے خطاب میں قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ دن ہمارے اتحاد اور قربانیوں کی یاد دہانی ہے۔

پرچم کشائی کے بعد ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے پولیس لائن میں یادگار پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ جیل، پریس کلب اور سول اسپتال کا دورہ کیا، جہاں قیدیوں اور مریضوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر سیاسی و سماجی رہنماؤں، تاجر برادری، سول سوسائٹی، ہندو پنچائیت اور کرسچن کمیونٹی کے نمائندے بھی شریک تھے۔ جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ کونسل، ہیومن رائٹس کمیشن غلام قادر انڑ اور پادری گوٹھ میں بھی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے شرکت کرتے ہوئے جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔\378