چہلم شہدا کربلا کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے

جمعرات 14 اگست 2025 17:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) تحریکِ نفاذفقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان و لسان تحریک طارق احمدجعفری وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ چہلم شہدائے کربلا اربعین حسینی کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں اور مجالس عزا کے موقع پرسیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے چہلم شہدائے کربلا کی اہمیت عاشورہ محرم سے کم نہیں صوبہ بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عاشورہ کی طرح جلوسِ چہلم برآمد ہوں گے جس میں بِلاتفریق شیعہ سنی برادران شرکت کر کے خانوادہ رسولؐ کے ساتھ اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کریں گے، کربلا والوں کی راہ پر چل کر ہی عالمِ اسلام اندرونی و بیرونی سازشوں سے نجات پا سکتا ہے لہذا چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے جمعرات کو چہلم شہدائے کربلا کے انتظامات کے سلسلے میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اوراسکی ذیلی تنظیموں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اربعین عاشورہ کا دوسرا نام ہے، موسوی جونیجو معاہدہ عزاداری و میلادالنبیؐ سمیت تمام مذہبی آزادیوں کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتوں سے سختی نمٹا جائے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پٴْرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ملک کے دفاع اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہماری سیکیورٹی فورسز اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں، پوری قوم انہیں سلامِ پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو جن گھمبیر مسائل، مصائب، مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے ان سے عہدہ بر آ ہونے کیلئے امامِ عالی مقام کا عزم، ارادہ، حوصلہ اور عظیم ترین کردار ہمارے لِئے مینارہ نور ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کربلا کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں اور مجالس عزا کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں فول پرو ف سیکورٹی کو یقینی بنائیں اور عزادار اپنے اردگرد مشکوک افراد اوراشیاء پر کڑی نظر رکھیں اورکسی بھی مشکوک چیز کے بارے میں فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کریں۔