وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی یومِ آزادی پر مزارِ قائد پر حاضری، قوم سے اتحاد و ترقی کا عہد

دہشت گردی، غربت، جہالت کے خلاف مضبوط موقف اختیار کریں، ہر شہری کے لیے یکساں مواقع کو یقینی بنانا حکومت کا مشن ہے، سید مراد علی شاہ

جمعرات 14 اگست 2025 17:36

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی یومِ آزادی پر مزارِ قائد پر حاضری، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی مزار پر حاضری دی، جہاں صوبائی کابینہ کے اراکین، مشیران، معاونینِ خصوصی، چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس نے پرتپاک استقبال کیا ۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔

بعد ازاں انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی مزار پررکھے، فاتحہ خوانی کی اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔اپنے دورے کے دوران سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر موجود اسکول کے بچوں اور عوام سے ملاقات کی، جنہوں نے پرجوش نعروں سے ان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

یوم آزادی کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔

اسکول کے بچوں نے قومی ترانہ پیش کیا،ملی نغمے گائے۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفارت کار، سول سوسائٹی کے ارکان اور طلبا کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ گارڈ آف آنر کے بعد وزیراعلی سندھ نے اپنے دورہ کا اختتام کیا اور مزار سے روانہ ہوئے۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست خوشی کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی اور اتحاد کے عزم کو تازہ کرنے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات آج بھی مشعلِ راہ ہیں، ہم قائداعظم کیکام، کام اور صرف کام کے اصول پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ ہمیشہ قومی یکجہتی، رواداری اور ہم آہنگی کا علمبردار رہا ہے۔ سندھ کے عوام نے اخوت، رواداری، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی اقدار کو مسلسل اپنایا ہے۔ انہوں نے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر اور مشعل راہ ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی، غربت اور جہالت کے خلاف مضبوط موقف اختیار کریں، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور سالمیت کے لیے اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے تعلیم، صحت، روزگار اور زراعت پر خصوصی توجہ کے ساتھ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہر شہری کے لیے یکساں مواقع کو یقینی بنانا ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت پاکستان کو ایک جدید، پرامن اور خوشحال ملک بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔یوم آزادی پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے سندھ اور پاکستان کی سلامتی اور مسلسل ترقی کے لیے دعا کی۔